پرل ایس بک

پرل ایس بک نے اپنی زندگی کا ایک حصہ چین میں گزارا تھا...... اس چین میں جو ابھی عظیم اشتراکی انقلاب سے دوچار نہ ہوا تھا۔ پرل بک نے چین میں اپنے قیام کے مشاہدات سے پورا فائدہ اٹھایا۔ وہ امریکی شہری تھی ٢٦ جون ١٨٩٢ء میں امریکہ میں پیدا ہوئی۔ اس کا انتقال ٦ مارچ ١٩٧٣ء کو ہوا۔ اس نے امریکہ کی بعض اہم درس گاہوں سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی، دو شادیاں کیں اور ١٩٢١ء سے ١٩٣١ء تک وہ شائکنگ یونیورسٹی چین میں پڑھاتی رہی۔ اسے اپنی زندگی میں کئی انعام اور اعزاز ملے۔ پرل بک پر ایک زمانے میں بہت لکھا گیا، اس کا شہرہ بھی رہا لیکن کچھ عرصے سے اس کے کام او رنام پر دھند چھا رہی ہے۔ پرل کو اس کے جس ناول پر بہت شہرت ملی وہ ’’گڈ ارتھ‘‘ ہے۔ یہ چینی کسانوں کی زندگی کی سچی تصویر تھی جو چینی انقلاب سے پہلے مصائب و آلام کا نشانہ بنا رہتا تھا۔ اس ناول پر ایک شاہکار فلم بھی بنی جس کی وجہ سے پرل بک اور اس کے ناول کو خاصی شہرت حاصل ہوئی۔ انھوں نے اپنی سوانح کے علاوہ لگ بھگ ٤٠ ناول اور ناولٹ لکھے۔ علاوہ ازیں ان کی کہانیوں کے ١٦ مجموعے بھی شائع ہوئے۔ ان کی ادبی خدمات کی بنا پر انھیں ١٩٣٢ء میں نوبل انعام دیا گیا۔